ڈیمینشیا کے مرض میں مبتلا طلعت حسین صحتیاب ہونے لگے، بیٹی کا بیان آگیا

Published: 04-02-2024

Cinque Terre

  کراچی: پاکستان کے لیجنڈری سینیئر اداکار طلعت حسین کی بیٹی اداکارہ تزین حسین نے اپنے والد کی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کردیا۔تزین حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے والد طلعت حسین کے ہمراہ اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں اداکار خوشگوار موڈ میں ہیں۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “ہم ان تمام خیر خواہوں اور مداحوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے میرے والد صاحب کی صحتیابی کے لیے دُعا کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا”۔اُنہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ! آپ سب کی دعاؤں سے ابو بہت بہتر ہیں، میں اپنے اہلخانہ کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں”۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں طلعت حسین کی بیٹی تزین حسین نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے والد طلعت حسین کو یادداشت کے کافی مسئلے درپیش ہیں، ان کے والد کو لوگوں کو یاد نہیں رکھ پارہے، یہاں تک کہ وہ لوگوں کے نام بھی بھول رہے ہیں۔اُنہوں نے تمام مداحوں سے درخواست کی تھی کہ  وہ ان کے والد کی صحت یابی کے لیے دعائیں کریں تاکہ وہ جلد از جلد ہشاش بشاش ہوجائیں اور اسکرین کے پردے پر نظر آسکیں۔تزین حسین کی اپیل سُن کر معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی اور اُن کی اہلیہ ثنا فیصل نے طلعت حسین کے گھر جاکر اُن سے ملاقات کی تھی اور پھر سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لیجنڈری اداکار میں ڈیمینشیا کے مرض کی تصدیق کی تھی۔

اشتہارات