عام انتخابات کے انتظامات مکمل، پولنگ آج صبح 8 بجے سے شروع ہوگی

Published: 08-02-2024

Cinque Terre

 اسلام آباد: ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے انتظامات مکمل ہوگئے، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے شہری کو اصل شناختی کارڈ کے ساتھ پولنگ اسٹیشن جانا ہوگا، جہاں وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبر کو ووٹ کاسٹ کرے گا، قومی کیلیے سبز جبکہ صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہوگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کیلیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس ہیں۔ پولنگ اسٹیشن اور دیگر امور کی نگرانی کیلیے 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹیز دیں گے۔ پیرا ملٹری فورس دوسرے جبکہ تیسرے درجے میں پاک فوج ذمہ داری انجام دے گی جو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔تمام پریذائیڈنگ  افسران کو ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے پولنگ مٹیریل بیلٹ باکسز، بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی سیکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز پر بھجوایا گیا اور ترسیل کا عمل رات گئے مکمل کرلیا گیا۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز پر پریزائیڈنگ  افسران کو عمل درآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے فارم 45 کی تیاری اور تفصیل سے متعلق ہدایات جاری کر دیں  اور کہا ہے کہ فارم 45 کی تصویر لیکر ریٹرننگ افیسر کو بذریعہ موبائل فون بھیجیں، اگر موبائل فون کے سگنلز نہ ہوں یا کسی بھی وجہ سے فارم 45 کی ترسیل میں دشواری پیش آئے تو پریزائیڈنگ افسر کا انتظار کیے بغیر ریٹرننگ افسر فارم 45 اور پولنگ کا سامان لیکر آر او آفس فوری روانہ ہو اور ترسیل کو یقینی بنائے۔پریزائیڈنگ افسران، سینئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران مکمل احتیاط سے فارم 45 تیار کریں تاکہ غلطی کی گنجائش نہ رہے، ہدایت نامے میں کہا گیا پریزائیڈنگ افسران ، سینئر اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران فارم 45 پر اپنے شناختی کارڈ والے دستخط کریں، پولنگ اسٹیشن میں موجود امیدوار الیکشن ایجنٹس پولنگ ایجنٹس سے فارم 45 پر مختص مقررہ جگہ پر دستخط کریں۔امیدوار، الیکشن ایجنٹ یا پولنگ ایجنٹ دستخط سے انکار کرے یا گنتی ختم ہونے سے پہلے پولنگ اسٹیشن چھوڑے تو پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پر مختصر وجہ تحریر کریں، دستخطوں کے بعد پریزائیڈنگ افسران فام 45 کی ایک کاپی پولنگ اسٹیشن کے باہر نمایاں جگہ پر چسپاں کریں،  فام 45 کی دستخط شدہ کاپی کی نقول وہاں موجود پولنگ ایجنٹوں اور مبصرین کو فراہم کریں۔الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ضابطہ اخلاق پر عملداری کا مراسلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پولنگ ڈے پر پولنگ اسٹیشن کی چار سو میٹرز کی حدود میں ہر قسم کی انتخابی مہم پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ 100 میٹر کی حدود میں کسی بھی سیاسی جماعت کے جھنڈے بینر یا ایسے مواد کی تشہر پر مکمل پابند ہے جس سے کسی مخصوص امیدوار کی حوصلہ افزائی یا حوصلہ  شکنی ہو۔الیکشن کمیشن نے مراسلے میں کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی غیر قانونی تصور ہوگی، تمام مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کریں اور ضابطہ پر عملداری کو یقینی بنائیں۔الیکشن کمیشن نے شکایت کے اندراج کیلیے ہیلپ لائن نمبر 051111327000 جاری کردیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ نمبر پر کال کرکے شکایت درج کرواسکتی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ عام انتخابات کے پیش نظر 24 گھنٹے ہیلپ لائن پر شکایت درج کروا جاسکتی ہے۔

اشتہارات