انٹونی بلنکن کی شاہ عبداللّٰہ سے ملاقات، اردن کی جانب سے غزہ جنگ بندی پر زور

Published: 01-05-2024

Cinque Terre

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم سے عمان میں ملاقات کی۔ عرب میڈیا کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق شاہ اردن نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور امدادی سامان پہنچانے پر زور دیا اور کہا کہ غزہ میں انسانی سانحہ روکنے اور شہریوں کی حفاظت کیلیے فوری مداخلت ناگزیر ہے۔ انھوں نے کہا کہ رفح میں کسی بھی قسم کے فوجی آپریشن سے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔  شاہ عبداللّٰہ دوم نے کہا کہ غزہ کے اثرات مقبوضہ بیت المقدس سمیت پورے خطے میں پھیل سکتےہیں۔ دو ریاستی حل اور امن کے لئے امریکا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ  دو ریاستی حل ہی سے خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اظہار تشویش کیا۔ انٹونی بلنکن نے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کےلیے خطے کے تمام ممالک کو مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ اور ہیکل سلیمانی کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور تحفظ کیلئےاردن کا کردار قابل ستائش ہے۔ انٹونی بلنکن نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازعہ کے خاتمے کےلیے امریکا دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے شاہ اردن کو دورہ سعودی عرب کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

اشتہارات