Published: 30-05-2024
لندن: لاہور کے نواحی علاقے کماہاں سے تعلق رکھنے والے ملک شکیل اکرم لندن کی سب سے بڑی کونسل ہونسلو کے بلامقابلہ ڈپٹی مئیر منتخب ہوگئے۔مغربی لندن کی ہونسلو بارو میں مئیر اور ڈپٹئ مئیر آف ہونسلو بارو کے انتخابات کی سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خاتون مئیر کیرن سمتھ اور ڈپٹی مئیر آف ہونسلو ملک شکیل اکرم کو منتخب کیا گیا۔تقریب میں شریک سابق ممبر آف پارلیمنٹ روتھ کیڈبری اور سابق ممبر آف پارلیمنٹ سیما ملہوترہ نے کہا کہ میئر کیرن سمتھ اور ڈپٹی مئیر ملک شکیل احمد بہترین انتخاب ہیں، ہمارا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔تقریب میں شریک تمام کونسلرز اور کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کی جانب سے بھی خاتون مئیر کیرن سمتھ اور ڈپٹی میئر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر سابق میئر آف ہونسلو افضال کیانی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، نو منتخب مئیر آف ہونسلو کیرن سمتھ نے سابق میئر افضال کیانی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ڈپٹی میئر ملک شکیل اکرم نے اس عہدے کو پاکستان کے لیے قابل فخر اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہونسلو کمیونٹی کی فلاح کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ ملک شکیل اکرم نے بلاتفریق کونسل کی خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ہونسلو کونسل کی سالانہ انتخابی تقریب کے اختتامی مرحلے میں نئی منتخب ہونے والی مئیر آف ہونسلو کیرن سمتھ نے کونسلرز سے خطاب کیا اور ترقیاتی کاموں سے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔