حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ پڑھنے میں غداری کیا ہے؟ عارف علوی

Published: 02-06-2024

Cinque Terre

  کراچی: سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ پڑھنے میں غداری کیا ہے؟۔انصاف لائرز فورم کی جانب سے سٹی کورٹ میں “قانون کی بالادستی” کے عنوان سے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان نے حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پڑھنے کا کہا ہے تو اس میں کیا غداری ہے؟، بھٹو صاحب نے حمود الرحمان کمیشن پر پردہ ڈالا لیکن آپ نے انہیں لٹکا دیا، ہر سول حکومت نے پردہ ڈالا، لیکن آپ نے کیا کیا،  کبھی غفار خان کو تو کبھی ولی خان کو تو کبھی مفتی محمود کو اور کبھی بانی پی ٹی آئی کو غدار بنا دیتے ہیں۔کنونشن میں سابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان، رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، حلیم عادل شیخ، رہنما فردوس شمیم نقوی، جنرل سیکریٹری علی پلھ، کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ، وکلا رہنما نعیم قریشی سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عارف علوی نے کہا کہ سقراط کی طرح عمران خان نے بھی نوجوانوں کو گمراہ کیا ہے، عمران خان نے بھی سقراط کی طرح ملک چھوڑنے سے انکار کردیا، ملک میں کارگل کا بھی سانحہ ہوا ہے۔ جن لوگوں  نے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ نہیں پڑھی وہ کارگل پر ریسرچ کرلیں۔ کہتے ہیں سوشل میڈیا نوجوان نسل کو گمراہ کررہا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئے گی جب تک لوگوں کا آپ پر اعتماد نہیں، کیونکہ آپ ظالم ہیں آپ لوگوں کو ٹارچر کرتے ہیں، عورتوں کو اٹھایا جاتا ہے۔ اتنا ظلم تو پرویز مشرف کے مارشل لاء میں بھی نہیں ہوا۔ پاکستان میں ایسا قانون کیسے چلے گا، دہشتگرد آزاد ہے اور عام آدمی پر اے ٹی اے لگایا جاتا ہے۔ موجودہ صدر استثنیٰ لے رہے ہیں، لیکن میں پیش ہوتا تھا، مجھ پر بندوقیں سپلائی کا مقدمہ ہے۔عارف علوی نے کہا تمام اسٹیک ہولڈرز جن میں بانی پی ٹی آئی شامل ہیں ان سے بات کریں۔ چور، کرپٹ اور ظالم ایک طرف ہیں اور دوسری جانب بانی پی ٹی آئی ہے۔ برداشت نہ کرنے والا معاملہ بانی پی ٹی آئی کا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بدلہ نہیں لے گا، زوم ان کریں کہ معاملہ کیسے ٹھیک ہوسکتا ہے۔ ایم کیو ایم کو جتوایا گیا، کیا ایم کیو ایم کراچی میں جیت سکتی تھی؟۔ ہم نے ایم کیو ایم سے اس شہر کو آزاد کرایا، اب وہ دوسروں کے ساتھ ملکر اس شہر پر ظلم کررہے ہیں۔رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے خطاب میں کہا کہ اس شہر کا ایک وکیل تھا، جس نے یہ ملک بنایا۔ ہمارا خون بائیڈن کے لئے نہیں ہے اپنے ملک کے لئے ہے۔ جس سیاسی جماعت سے تعلق ہو، عمران خان کی مدد کرنی ہے۔ ہماری جان خان صاحب میں اٹکی ہوئی ہے۔ جمعرات کو خان صاحب سے مل کر آئی ہوں۔ وہ ہم سے بہتر حالت میں ہیں۔ بس خان صاحب گرمی سے تنگ ہیں۔شاندانہ گلزار نے کہا کہ خان صاحب نے کہا وطن ٹھیک کرکے دو ورنہ میں باہر نہیں آرہا۔ عمران خان مسلم امہ کا لیڈر ہیں۔ اگر وہ ہوتے تو فلسطین کا یہ حال نا ہوتا۔ قائد اعظم کے خواب عمران خان نے پورے کیئے۔ کنونشن سے انصاف لائر فورمز کے رہنماؤں و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اشتہارات