Published: 20-06-2024
بھارتی فلموں کے ڈائریکٹر انوراگ کشیپ نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک اداکار کا شیف فلم پروڈیوسر سے روزانہ 2 لاکھ روپے خرچہ لیتا ہے۔بالی ووڈ میں اداکاروں کے فلم کی شوٹنگ کے دوران اخراجات اور مطالبات کے حوالے سے ہدایتکار اور اداکار انوراگ کشیپ نے بھی لب کشائی کردی ہے۔اپنے حالیہ انٹرویو میں انوراگ نے بتایا کہ ایک اداکار کے شیف نے دن کے کھانے کا خرچہ 2 لاکھ روپے رکھا تھا جس پر مجھے بڑی حیرانی ہوئی تھی اور میں نے کہا کہ یہ پرندوں کیلئے آرہا ہے، کیونکہ وہ بہت تھوڑا ہوتا تھا، جس پر اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے صحت کا مسئلہ ہے میں صرف یہی کھاتا ہوں۔انوراگ نے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک اداکار نے اپنے ڈرائیور کو برگر لینے کیلئے فائیو اسٹار ہوٹل بھیجا تھا جسے لانے کیلئے اسے تین گھنٹے لگ گئے تھے کیونکہ ہوٹل ہماری لوکیشن سے بہت دور واقع تھا انہوں نے مذاق میں کہا کہ جب تک وہ برگر اداکار تک پہنچا ہوگا تو اتنی دیر میں ٹھنڈا ہوچکا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سب کے پروڈیوسر اور ان کے ایجنٹس ذمہ دار ہیں، مجھے نہیں پتا کہ یہ پروڈیوسرز ان اداکاروں کو اتنا خرچہ کرنے کی اجازت کیوں دیتے ہیں؟ یہ سب کچھ میرے سیٹ پر تو نہیں ہوتا۔انوراگ نے یہ بھی کہا کہ بال بنانے والے اور میک اپ آرٹسٹ 75 ہزار روپے روز کے چارج کرتے ہیں جو کہ ٹیکنیشن سے بھی زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ بھی بال بنانے والے اور میک اپ آرٹسٹ ہوتے تو بہت زیادہ امیر ہوتے۔