Published: 15-07-2024
بھارتی فلموں اور ٹیلی ویژن کی اداکارہ حنا خان نے والدہ کے ساتھ اپنی اس دن کی تصویر شیئر کردی جس روز انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ حنا خان نہایت ہمت و استقامت کے ساتھ کینسر کا مقابلہ کر رہی ہیں، تاہم ساتھ ہی وہ بیماری کے خلاف جدوجہد پر مبنی ہر قدم کو باریک بینی کے ساتھ دستاویزی شکل بھی دے رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈرامہ "یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے" کی اداکارہ نے بیماری کی تشخیص کے بعد سے اپنی والدہ کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کی ہیں۔ 36 سالہ حنا نے ہفتے کو اپنے انسٹا گرام ہینڈل پر والدہ کے ساتھ چار تصاویر شیئر کی ہیں۔ اس موقع پر حنا خان نے ایک لیونڈر شرٹ اور سفید شارٹس پہن رکھا ہے جبکہ انکی والدہ پنک شلوار سوٹ میں ملبوس ہیں اور انہوں نے اپنے سر کو ڈوپٹے سے ڈھانپ رکھا ہے۔ والدہ حنا کو اپنے سینے سے لگا کر تسلی دے رہی ہیں جبکہ بیٹی والدہ کے بازوؤں میں خود کو انتہائی محفوظ محسوس کرتی نظر آرہی ہیں۔ تصویر بغور دیکھنے سے یوں لگتا ہے کہ دونوں کچھ دیر قبل تک آبدیدہ تھیں۔ حنا نے تصویر کے ساتھ کیپشن تحریر کیا کہ ایک ماں کا دل دکھوں کے سمندر ہے، یہ درد کو سہارا اور اپنے بچوں کو محبت اور تسلی دیتی ہے۔اداکارہ نے لکھا کہ یہ وہ دن ہے جب انہیں میرے کینسر کی خبر ملی، اس سے ناقابل بیان دکھ کو انہوں نے بھلا کر مجھے تسلی دی۔ حالانکہ انکی دنیا دہل گئی لیکن انہوں نے مجھے اپنی باہوں میں تھام کر میری ہمت بندھائی۔ دل کو چھولینے والی اس تحریر پر سوشل میڈیا صارفین بھی انکے دکھ کا مداوا کرتے نظر آئے، جبکہ کمنٹ سیکشن میں حنا کی جلد صحتیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔