Published: 30-07-2024
نامور امریکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز نے اپنی سرجری سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔ سیلینا گومز کو اکثر ان کی بدلتی ہوئی شکل و صورت اور وزن میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اب وہ ان تمام افواہوں سے تنگ آ چکی ہیں جو ان کے پلاسٹک سرجری کروانے کے حوالے سے تھیں۔ 32 سالہ گلوکارہ نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو کے جواب میں ان قیاس آرائیوں کا جواب دیا جس میں ان کی بدلتی ہوئی شکل کے بارے میں بات کی گئی تھی۔ یہ ویڈیو ایک پلاسٹک سرجن کے دفتر میں کام کرنے والے اسسٹنٹ فزیشن نے شیئر کی تھی۔اصل ویڈیو 2023 میں پوسٹ کی گئی تھی، تاہم سیلینا نے 27 جولائی کو اس پر تبصرہ کیا۔سیلینا نے تحریر کیا "سچ میں مجھے اس سے نفرت ہے۔ میری صحت کی خرابی کی وجہ سے میرا وزن بڑھ گیا تھا۔ میرے پاس صرف بوٹاکس ہے، بس مجھے اکیلا چھوڑ دو۔" سیلینا کے اس پیغام کے بعد ٹک ٹاکر نے معذرت کا نوٹ پوسٹ کیا اور لکھا کہ “آپ کو کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ آپ اب ویسے کیوں نہیں نظر آتیں جیسی آپ ٹین ایجر یا 20 سال کی عمر میں نظر آتی تھیں۔”اس کے جواب میں گلوکارہ و اداکارہ نے کمنٹ میں اس ٹک ٹاکر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ "میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں۔ میں خود بھی کبھی کبھی (سرجری سے متعلق باتوں پر) اداس ہو جاتی ہوں۔" واضح رہے کہ سال 2014 میں سیلینا کو لِپس کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ ایک خود کار مدافعتی مرض ہے جس میں جوڑوں کا درد شامل ہوتا ہے۔ 2017 میں انہوں نے اس مرض کے نتیجے میں گردے کی پیوند کاری کروائی تھی۔