دکاندار منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء فروخت نہ کریں، شرجیل میمن

Published: 19-08-2024

Cinque Terre

حکومت سندھ نے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ونگ کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی چیزوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔انہوں نے کہا کہ دکاندار محکمہ ایکسائز سے تعاون کریں اور منشیات میں استعمال ہونے والی چیزیں فروخت نہ کریں۔سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ایکسائز حکام اطلاع پر اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بعد کہیں بھی چھاپا مار سکتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ معاشرے میں منشیات کا بڑھتا رجحان تشویشناک ہے، نوجوان نسل متاثر ہو رہی ہے، منشیات کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی جائے، رینجرز اور پولیس مکمل تعاون کر رہی ہے۔شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ محکمہ ایکسائز کی موبائل گاڑیوں کو مکمل طور پر فعال اور اہم مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں۔ کراچی میں ملیر، درخشاں، ہاکس بے اور دیگر اسٹریٹیجک پوائنٹس پر چوکیاں قائم کی جائیں۔

اشتہارات