Published: 30-10-2024
جھنگ(چوہدری بلال خان بیوروچیف)سائنسی پروجیکٹ سے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔ تنویر احمد غزالی نئی نسل کو سائنس و ثقافت کی طرف متوجہ کرنا اہم مشن ہے۔ پروفیسر آصف شاہد ڈھڈی جھنگ پین سکول سسٹم برانچ 3 ایوب چوک جھنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر آصف شاہد ڈھڈی کی زیر نگرانی سائنس و ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی سی ای او ایجوکیشن جھنگ تنویر احمد غزالی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ظفر اقبال حیدری ڈی او سیکنڈری، غلام گیلانی ڈی او ایلیمنٹری، آصف سیال ڈپٹی ڈی او، اطہر اقبال، مدثر ملک، میڈم حلیمہ اقبال سابق ڈائریکٹر LCWU، جہانگیر ربانی AIOU، محمد نواز آفیسر گرلز کالج‘ ارم نور EFA سکول سسٹم، مس نجف سرفراز ملت گرلز کالج، مس گلناز سٹیپفورتھ سکول کے علاوہ ماہرین تعلیم، اساتذہ، طلباء اور انکے والدین نے شرکت کی۔ سائنس و ثقافتی نمائش میں سکول کے بچوں کی جانب سے سائنسی ماڈلز پیش کئے گئے جبکہ بچوں نے جدید سائنسی علوم کے بارے میں اپنے پراجیکٹ بھی ڈسپلے کئے اور مہمانوں کی جانب سے بچوں کے تیار کردہ پراجیکٹس کو خوب سراہا گیا۔ نمائش میں پنجابی ثقافت کے رنگ بھی بکھیرے گئے اور مختلف ٹیبلوز، خاکے اور پنجابی دھریس کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ اس موقع سی ای او ایجوکیشن جھنگ تنویر احمد غزالی کا کہنا تھا کہ سائنس قوموں کی ترقی اور جدید دور کی بڑی ضرورت بن چکی ہے‘ سائنسی میدان میں ترقی کرنے والی قومیں ترقی کی دوڑ میں آگے نکل چکی ہیں، مسلمانوں کی تاریخ سائنسی ایجادات کے حوالے سے بھری پڑی ہے۔ پروفیسر آصف شاہد ڈھڈی نے کہا کہ ثقافتی پروگرامز سے نئی نسل کو اپنی روایات اور اقدار سے روشناس کرایا گیا ہے یہ سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کوئی بھی قوم اپنی ثقافت چھوڑ کر ترقی نہیں کر سکتی۔ پنجاب کی تاریخ مہمان نوازی اور بہادری کے کارناموں سے بھری پڑی ہے۔