سالانہ عظیم الشان شیخ الاسلام و امیر شریعت کانفرنس شاہ جیونہ شریف میں منعقد

Published: 12-11-2024

Cinque Terre

جھنگ (چوہدری بلال خان بیوروچیف)سالانہ عظیم الشان شیخ الاسلام و امیر شریعت کانفرنس شاہ جیونہ شریف میں منعقد ہوئی جسکی صدارت نائب حضور امیر شریعت قلندر زماں، پیر طریقت رہبر شریعت، پیکر جرات و غیرت، ضیائے چشت حافظ خواجہ حضرت محمد ضیاء الحق سیالوی حمیدی سجادہ نشین دربار عالیہ سیال شریف نے کی جبکہ میزبانی کے فرائض پیر سید محمد طاہر عمر شاہ چشتی حمیدی سیالوی شاہ جیونہ شریف نے انجام دیے۔ کانفرنس میں حافظ محمد ارشد سیالوی، رانا غلام احمد سیالوی سمیت کثیر تعداد میں علماء کرام اور ہزاروں مریدین، عقیدت مندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور فیوض و برکات حاصل کیں۔ کانفرنس کی نقابت قاری اصغر جاوید سیالوی نے کی جبکہ سیکورٹی کے فرائض ملک غلام مرتضیٰ (القمر سیکورٹی فورسز) اور انتظامی امور محمد امان اللہ سیالوی نے سر انجام دیئے۔ اس موقع پر پیر محمد طاہر عمر شاہ کی دستار بندی بھی کی گئی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری عبد الباسط ندیم سیالوی نے حاصل کی جبکہ محمد طیب طاہر سیالوی اور شاعر پیر سیال منظور حسین منظور نے نعت رسول کریم ﷺ پیش کی۔ کانفرنس سے مفتی شوکت علی سیالوی اور پیر سید محمد طاہر عمر شاہ سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال اس کانفرنس کا بڑی عقیدت و محبت سے اہتمام کیا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد تحریک پاکستان اور ختم نبوت کے حوالے سے پیر سیال کے کردار کو اجاگر کرنا اور آنے والی نسلوں کو پیغام دینا ہے کہ کیسے تحریک پاکستان سے لے کر تکمیل پاکستان تک آستانہ پیر سیال شریف کے مشائخ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ صوفیاء کرام بالخصوص پیر سیال لجپال کی روشن و نورانی تعلیمات اگلی نسل تک پہنچائی جائیں۔کانفرنس کے اختتام پر حافظ خواجہ حضرت محمد ضیاء الحق سیالوی سجادہ نشین دربار عالیہ سیال شریف نے تمام امت مسلمہ بالخصوص ملک پاکستان کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔
 

اشتہارات