Published: 14-12-2024
بالی ووڈ کے مشہور اور امیر ترین اداکار وویک اوبرائے نے اپنے کاروبار کی اصل مالیت بتاتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی روپے میں تقریباً 3400 کروڑ ہے۔ کئی کامیاب اور سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے وویک اوبرائے کا شمار بالی ووڈ کے امیر ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، جو شوقیہ اداکاری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا کاروبار بھی کرتے ہیں۔ایک انٹرویو میں اداکار نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں طلبہ کیلئے ایک ایسا منصوبہ تیار کیا ہے جس میں انہیں بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔اپنے کاروبار سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ میں نے ایک اسٹارٹ اپ بنایا جس میں ہم نے 12000 اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں تک بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) نیٹ ورک کے ذریعے رسائی حاصل کی۔ جس کے بعد ہم نے صارفین کے ڈیٹا تک براہ راست رسائی حاصل کی جو 45 لاکھ طلبہ پر مشتمل تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری کمپنی کی مالیت تقریباً 400 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔وویک اوبرائے نے اکانومی کلاس میں سفر کرنے سے متعلق بتایا کہ جب میں ذاتی سفر کرتا ہوں تو فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس میں سفر کرتا ہوں لیکن جب میں اپنی کمپنی کے لیے سفر کرتا ہوں تو پوری ٹیم کے ساتھ اکانومی کلاس میں جاتا ہوں۔اداکار نے یہ بھی کہا کہ میرے کاروبار نے مجھے میرے اداکاری کے شوق کو آزادانہ طور پر پورا کرنے کا موقع دیا، یہی وجہ ہے کہ میں وہ کام کرتا ہوں جو مجھے پسند ہوتا ہے اور مجھے کسی کے دباؤ میں آکر کام کرنا نہیں پڑتا۔وویک اوبرائے جلد ہی مستی 4 کی شوٹنگ شروع کریں گے جس میں رتیش دیش مکھ اور آفتاب شیوداسانی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک ایکشن تھرلر میں ٹائیگر شروف کے ساتھ بھی نظر آئیں گے۔