پاکستان، یو اے ای میں تاریخی رشتہ ہے، سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، صدر آصف زرداری

Published: 18-12-2024

Cinque Terre

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، مشکل وقت میں مدد اور تعاون پر مشکور ہیں۔یو اے ای کے 53ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یو اے ای نے شاندار ترقی کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتحاد کے بعد سے یو اے ای نے قابل ذکر ترقی کی۔صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ عرب امارات تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں عالمی مرکز کے طور پر ابھرا۔اُن کا کہنا تھا کہ شیخ زائد بن سلطان النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کی بنیاد رکھی، یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات مذہب، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے یو اے ای کے قیام سے 6 ماہ قبل ہی سفیر بھیج کر سفارتی نمائندگی قائم کی، دونوں ممالک کے درمیان قابل اعتماد اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں مقیم 18 لاکھ پاکستانیوں سے دوطرفہ تعلقات کومزید تقویت ملی، پاکستان کی اقتصادی بحالی میں تیزی آرہی ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے، یو اے ای کے کاروباری اداروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔

اشتہارات