سعودی عرب سے معاہدوں پر کام کا آغاز ہوچکا، وزیراعظم شہباز شریف

Published: 18-12-2024

Cinque Terre

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللّٰہ محمد ابراہیم سے ملاقات کی اور خادمین حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو’فیفا ورلڈ کپ 2034‘کی میزبانی کا حق جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مجھے یقین ہے سعودی عرب اس ایونٹ کا بہترین طور پر انعقاد کرے گا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا انتہائی اہم ستون ہیں، مشکل وقت میں سعودی عرب کی مدد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کےلیے پارلیمانی تبادلے انتہائی اہم ہیں، ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو بڑھانے کےلیے سرگرم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2 اعشاریہ 8 ملین ڈالر کی مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے، امید ہے جلد ہی ان معاہدوں کے ثمرات دونوں ممالک کو ملنا شروع ہو جائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس نے غزہ، لبنان میں امن کے لیے امت مسلمہ کے مطالبے کو تقویت دی، پاکستان غزہ اور لبنان کے عوام کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

اشتہارات