Published: 18-12-2024
بالی ووڈ گلوکار و ریپر بادشاہ نے اپنے اوپر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات کو بےبنیاد قرار دے کر تردید کردی۔ خیال رہے کہ بادشاہ پر غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 15 ہزار سے زائد روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق یہ جرمانہ اتوار کی شام گروگرام کے سیکٹر 68 میں واقع آریا مال میں گلوکار کرن اوجلا کے کنسرٹ میں پہنچنے کے دوران غلط لین میں گاڑی چلانے پر کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق بادشاہ تین گاڑیوں کے قافلے میں کنسرٹ کے مقام پر پہنچے۔ ان میں سے ایک گاڑی پر ٹریفک چالان جاری کیا گیا، ان میں سے ایک گاڑی بادشاہ خود چلا رہے تھے۔ ان الزامات پر بادشاہ کی ٹیم کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جبکہ اسکی وضاحت دیتے ہوئے تردید بھی کردی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ کنسرٹ کی رات بادشاہ ایک گاڑی میں مسافر سیٹ پر بیٹھے تھے، یہ گاڑی بکشی ٹرانسپورٹ سروس کی جانب سے فراہم کی گئی تھی جبکہ اسے ایک لائسنس یافتہ ڈرائیور چلا رہے تھے۔ اس بیان میں واضح کیا گیا کہ جس رات کے واقعے کی بات کی جارہی ہے اس رات بادشاہ نے کوئی بھی گاڑی نہیں چلائی۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ہم بادشاہ اور اسکی ٹیم پر لگنے والے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ بادشاہ یا انکی ٹیم سے منسلک کسی بھی گاڑی کے خلاف جرمانے نہیں دیا گیا۔