ہیرامنڈی کے بارے میں 15 سال قبل ہی پتہ چل گیا تھا، ماہرہ خان

Published: 18-12-2024

Cinque Terre

نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بتایا ہے کہ انہیں سیریز ہیرامنڈی کے بارے میں 15 سال قبل ہی پتہ چل گیا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے اپنے دورہ ممبئی اور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی سے ملاقات کا تذکرہ کیا۔ ماہرہ کا کہنا تھا کہ میں انکے کام کی بہت بڑی مداح ہوں، میں یہاں پر ایک واقعے کا ذکر کرنا چاہوں گی۔ 15 سال قبل میں اپنی دوست کی شادی میں گئی، وہ ایک بھارتی شہری سے شادی کرنے جارہی تھی۔ ہم ممبئی میں تھے اور اس وقت معین بیگ ایک پاکستانی اداکارہ کی تلاش میں تھے۔ میں ان کو سراہتی ہوں، وہ اس تصور کے ساتھ سامنے آئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ وہ ڈیزائنر رضوان بیگ کے ساتھ بیٹھے تھے۔ وہ باتیں کر رہے تھے کہ وہ ابھی تک ایک لڑکی کی تلاش نہیں کرپائے ہیں۔ تاہم ایسے میں میری دوست شرمین، جنہوں نے رضوان بیگ سے جوڑا آرڈر کروایا تھا، نے کہا، ’کیا آپ لوگوں نے ماہرہ کو دیکھا؟، وہ ٹیلی ویژن پر ایک وی جے ہے۔‘انکا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے مجھے بتائے بغیر مجھے دیکھا، میں سادہ شلوار قمیض پہنے ہوئے تھی اور اسٹوڈیو میں تھی۔ مجھے ممبئی میں سنجے لیلا بھنسالی سے ملاقات کا بتایا گیا۔ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ ممبئی میں تھی لیکن سنجے لیلا بھنسالی موجود نہیں تھے، وہ کچھ روز بعد واپس آئے اور پھر انکی سنجے سے ملاقات ہوئی۔ پاکستانی اداکارہ نے سنجے لیلا بھنسالی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’میں ان سے ملی اور وہ کیا شخصیت ہیں۔ انہوں نے پوچھا تھا ’کیا آپ اپنی لپ اسٹک ہٹاسکتی ہیں؟‘ تو میں نے جواب دیا، ’میں لپ اسٹک نہیں لگاتی‘۔ماہرہ خان نے کہا کہ بہرحال، ہماری بہت باتیں ہوئیں، وہ ایک عمدہ دن تھا اور اس وقت انہوں نے مجھے پروجیکٹ ہیرامنڈی کے بارے میں بتایا تھا۔ وہ بہت پرجوش تھے کہ میں انکے اس پروجیکٹ کا حصہ بنوں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ انکا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر اُس وقت کام چل رہا تھا اور وہ اُس وقت ایک فلم تھی۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کئی لوگوں نے یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی شادی کے بارے میں سنجے لیلا بھنسالی کو نہ بتائیں۔ انکا کہنا تھا کہ میں نے معین بیگ سے کہا کہ مجھے سنجے لیلا بھنسالی کا نمبر چاہیے تو انہوں نے وجہ پوچھی جس پر میں نے کہا تھا کہ میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ میں شادی شدہ ہوں۔ اس پر معین نے سوال کیا کیوں؟ جس پر میں نے کہا کہ اداکار بننا میرا خواب ہے میں نے اپنی پوری زندگی یہ خواب دیکھا اور میں اسکا آغاز جھوٹ کی بنیاد پر نہیں کرنا چاہتی۔

اشتہارات