Published: 09-01-2023
ماسکو: روس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک جوابی کارروائی میں یوکرینی فوج کی دو عمارتوں پر راکٹ حملہ کیا جس میں اُن کے 600 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین فوج کی جانب سے ڈونیسک میں فوجی بنکرز پر حملے میں ہمارے 89 اہلکاروں کی ہلاکت کا جواب دینے کے لیے یوکرین پر انتقامی کارروائی کی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ راکٹ حملہ یوکرینی فوج کی دو عمارتوں پر کیا گیا جس میں ان کے 600 اہلکار مارے گئے۔ یہ حملہ انتہائی قابل اعتماد انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے۔روس کی وزارت دفاع نے یہ دعویٰ بھی کیا جن عمارتوں کو نشانہ بنایا ان میں مجموعی طور پر 1400 یوکرینی فوجی مقیم تھے۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فوری طور پر روسی وزارت دفاع کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی اور یوکرین کی جانب سے بھی روسی دعوے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔تاہم مشرقی یوکرین کے قصبے کریماتورسک کے میئر نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ روسی فوج نے شہر کی مختلف عمارتوں پر حملہ کیا ہے لیکن ان میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔روسی وزارت دفاع کا یہ دعویٰ درست ہے تو گزشتہ برس 24 فروری کو روس کے حملے کے بعد سے یہ یوکرینی فوجیوں کا سب سے بڑا جانی نقصان ہوگا۔