فرانس پلٹ فیملی کیساتھ ڈکیتی‘ملزمان گرفتار‘15لاکھ کا مال مسروقہ برآمد

Published: 26-01-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے) فرانس پلٹ فیملی کے ساتھ ڈکیتی کا معاملہ تھانہ صدر لالہ موسیٰ پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر وقوعہ میں ملوث دوسرا ساتھی بھی گرفتار کر لیاگیا،15لاکھ روپے مزید برآمد کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مسمی عطاء الہی ولد ریاست خاں ساکن کھاریاں نے صدر لالہ موسیٰ پولیس کو اطلاع دی کہ میں بیرون ملک فرانس میں محنت مزدوری کرتا ہوں مورخہ27.10.2022کو اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان آیاہوں،ائیرپورٹ سے گھر جاتے ہوئے چک سکندر روڈسروانی چوک کے مقام پرنامعلوم ملزمان نے ہماری گاڑی کو روک کرگن پوائنٹ پر ہم سے قیمتی سامان اور نقدی چھن لی تھی۔ ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ نے اس واقع کا فوری نوٹس لیا اور اس واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل، ایس ایچ او تھانہ صدر لالہ موسیٰ اور دیگر پولیس ملازمان کے ہمراہ پولیس ٹیم تشکیل دی۔جنہوں نے پیشہ وارانہ صلاحیت کو بروئے کار لا کر جدید سائنسی ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزم عمر فاروق ولد فاروق عالم سکنہ گوجرانوالہ کو گرفتار کر لیا تھا جس سے 15لاکھ روپے رقم برآمد کی تھی جبکہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گینگ کے دوسرے کارندے محمد علی ولد ثناء اللہ ساکن لاہور کو بھی گرفتار کر لیاگیاجس کے قبضہ سے لوٹی ہوئی رقم مبلغ 15لاکھ روپے برآمد کر لی گئی۔ گینگ سے مجموعی طور پر30لاکھ روپے مال مسروقہ برآمد کیا جا چکا ہے۔جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے،مزید انکشافات متوقع ہیں۔

اشتہارات