Published: 31-01-2023
جوہانسبرگ: جنوبی افریقا میں سالگرہ کی ایک تقریب پر دو مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے دارالحکومت جوہانسبرگ کے نواحی علاقے میں ایک گھر میں سالگرہ کی تقریب جاری تھی کہ دو مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ میں 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔جنوبی افریقا میں قتل کی وارداتوں کی شرح کسی بھی ملک سے کہیں زیادہ ہیں جس کی وجہ جرائم پیشہ خطرناک گینگز اور منشیات فروشوں کے گروہ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس گینگ وار کی خونی جنگ میں مختلف شراب خانوں پر حملے میں دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔