Published: 01-02-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)گجرات پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری،ڈکیتی کی واردات میں مطلوب ملزمان گرفتار مال مسروقہ 2لاکھ روپے نقدی،طلائی زیورات، وارداتوں میں استعمال ہو نے والا اسلحہ 2عدد سٹل30بور برآمد دوسری کاروائی میں شراب کی چالو بھٹی پکڑ لی،تفصیلات کے مطابق موضع ڈھو ٹبی کے رہائشی نے پولیس کو اطلاع دی کہ وہ گھر میں سویا ہوا تھا کہ رات 3بجے کے قریب 5نا معلوم مسلح ملزمان بیرونی دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہو گئے اور اسلحہ کے زور پر طلائی زیورات اور نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔اطلاع موصول ہونے پر تھانہ ٹانڈہ پولیس نے فوری طور پر نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اکرم کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ ٹانڈہ SIاسلم ہنجرا،SIفیصل اور دیگر پولیس ملازمان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔جنہوں نے انتہائی محنت، جانفشانی اور محکمانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث 2ملزمان 1۔ محمد عارف 2۔محمد احسن ساکنائے جڑانوالہ کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے مال مسروقہ 2لاکھ روپے نقدی،طلائی زیورات اور واردات میں استعمال ہو نے والا اسلحہ 2عدد پسٹل30بوربرآمد ہوئے۔جن کی مزید انٹیروگیشن جاری ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔منشیات فروشوں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ ٹانڈہ نے شراب کی چالو بھٹی پکڑ لی۔شراب کشید کرنے والے ملزم عبدالغفور سکنہ ٹانڈہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جس سے 10لیٹر شراب، 460لیٹر لہن برآمد ہوئی جبکہ شراب کشید کرنے کے آلات قبضہ میں لے لیے گئے۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔