انتقامی ایجنڈے والے کپتان کا راستہ نہیں روک پائینگے: پرویزا لٰہی

Published: 01-02-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سابق مشیر وسیم خان بادوزئی اور سابق ایم پی اے چودھری احسان الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی عمر عباس ڈھلوں، عمر آفتاب، علی عباس آغا بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، امن وامان کے امور پر بات چیت کی گئی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دہشت گرد آزادانہ حملے کر رہے ہیں جبکہ سیاسی مخالفین کو قید کیا جا رہا ہے، حکمرانوں کو ملک کی فکر ہے نہ ہی عوام کی، ان کی ترجیح امن و امان کا قیام نہیں بلکہ صرف سیاسی انتقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہو یا نگران سیٹ اپ، سب کو صرف فکر ہے کہ عمران خان کو کیسے مائنس کرنا ہے، انتقام کا ایجنڈا رکھنے والے سن لیں عمران خان کا راستہ نہیں روکا جا سکتا، عوام، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں حکمران الیکشن میں مقابلہ کر لیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، پی ڈی ایم کی تیرہ جماعتیں بھی مل کر عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، پی ڈی ایم بلدیاتی انتخابات سے لے کر عام انتخابات کے ہر محاذ سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران سیٹ اپ ایک ایک فائل ڈھونڈ کر ہمارے دور کے اقدامات کو منسوخ کرنے میں مصروف ہے، نگران اڑھائی ماہ کے مہمان ہیں ان کے تمام غیر آئینی اقدامات ریکارڈ ہو رہے ہیں، جو جو قانون سے تجاوز کر رہا ہے وہ قانون کے شکنجے میں آ کر رہے گا۔

اشتہارات