Published: 02-02-2023
گجرات(چوہدری نصیر افضل سے)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ظہورالٰہی ہاؤس کنجاہ گجرات پر غیر قانونی پولیس چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے گھر کے ملازمین کو رات کے اندھیرے میں ہراساں کیا گیا، دو ماہ کی نگران حکومت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، نگران حکومت کی ان غیر قانونی حرکات پر ہم نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے، ہمیں آزاد عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف چادر اور چاردیواری کے تقدس کا خیال کریں، اب لوگ ان کے گھروں کے سامنے بھی احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کا کام صاف و شفاف الیکشن کروانا ہے، ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہے اور حکمرانوں نے پولیس اور انتظامیہ کو انتقامی کاروائیوں پر لگا رکھا ہے۔ دریں اثناء گجرات کی وکلا، گجرات یونیورسٹی کے طلبا اور سابق آرمی آفیسرز کی تنظیموں نے اس واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مارکیٹیں اور کاروبار بند کر دیا۔ ان تنظیموں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ پولیس سیاسی انتقام میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے، چودھری ظہورالٰہی ہاؤس کا سیاست میں ایک احترام کا نام ہے، حکومت پنجاب کی ہدایت پرپولیس کی انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہے، نگران حکومت کا انتقام کا سلسلہ افسوسناک ہے، چودھری پرویزالٰہی گجرات کے محسن ہیں جنہوں نے اس شہر کیلئے عظیم کارنامے سرانجام دیئے، چودھری پرویزالٰہی نے اہل پنجاب کی خدمت کی ہے، حکومت انتخابی عمل کو سبوتاز کرنے کیلئے انتقامی کاررروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان رہنماؤں میں سابق سیکرٹری گجرات بار عرفان بشیر کنگ، چیئر مین نشان حیدر گروپ کنجاہ گجرات شیخ شہکاز اسلم، مرکزی انجمن تاجران گجرات، گجرات نیورسٹی کی طلبا تنظیموں، انجمن طلبا اسلام، مسلم سٹودنٹ فیڈریشن کے نمائندے شامل تھے۔