Published: 02-02-2023
گجرات(چوہدری نصیر افضل سے)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری نے چھاپا مارا۔ذرائع کے مطابق گجرات پولیس کی بھاری نفری نے علی الصبح سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی کے گھر کنجاہڑی ہاؤس پر چھاپا مارا۔ پولیس کی درجنوں گاڑیوں اور سیکڑوں اہل کاروں نے رہائش گاہ کو چاروں جانب سے گھیرے میں لے کر ارد گرد گشت شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق پولیس نہ کنجاہڑی ہاؤس کے آہنی گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اس رہائش گاہ پر موجود تھے جب کہ مونس الٰہی گزشتہ دنوں سے بیرون ملک میں ہیں۔پولیس سمیت دیگر اداروں نے 4 گھنٹے تک رہائش گاہ کو حصار میں لیے رکھا، تاہم داخل ہونے کی کوشش ناکام رہی۔ علی الصبح 4 بجے مارے گئے چھاپے کے بعد سورج طلوع ہوتے ہی پولیس نے رہائش گاہ کا محاصرہ ختم کردیا۔دوسری جانب ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی لاہور میں ہیں جب کہ چوہدری برادران کی فیملی کا بھی کوئی فرد رہائش گاہ پر موجود نہیں تھا۔دریں اثنا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ظہور الٰہی ہاؤس کنجا گجرات پر غیر قانونی پولیس چھاپے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو رات کے اندھیرے میں ہراساں کیا گیا۔ 2 ماہ کی نگراں حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔ نگراں حکومت کی ان غیر قانونی حرکات پر ہم عدالت جائیں گے۔ ہمیں آزاد عدلیہ پر پورا بھروسا ہے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف چادر اور چاردیواری کے تقدس کا خیال کرے۔ اب لوگ ان کے گھروں کے سامنے بھی احتجاج کریں گے۔ محسن نقوی کا کام صاف و شفاف الیکشن کروانا ہے۔ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہے اور حکمرانوں نے پولیس اور انتظامیہ کو انتقامی کاروائیوں پر لگا رکھا ہے۔