Published: 06-02-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع گجرات چوہدری سلیمان شوکت ایڈووکیٹ کی قیادت میں حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر ریلی کچہری چوک سے نکالی گئی اور جی ٹی ایس چوک تک پہنچی جہاں پر کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں حرمت قرآن اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی نعرے درج پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے،جی ٹی ایس چوک میں منعقدہ کشمیر کانفرنس کے دوران ریلی کے شرکاء سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع گجرات کے صدر چوہدری سلیمان شوکت ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ایشو پر پاکستانی حکمرانوں کو اب بند کمروں میں فیصلے کرنے بند کرنے چاہیے عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے، پاکستانی عوام نے کبھی مایوس نہیں کیا مگر ستر سال سے کشمیریوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے، کشمیر پر واضع موقف اختیار کرتے ہوئے ان کے وکیل بن کر دنیا عالم میں ان کے لیے آواز اٹھائیں، مگر ایسا آپ سے ہوتا نظر نہیں آرہا، آپ تو اپنے گھر کو نہیں سمبھال سکھے، آپ کے بس کی بات نہیں، مگر پاکستان مرکزی مسلم لیگ انشاء اللّہ کشمیریوں کا مقدمہ دنیا میں لڑے گی اور جیتے گی۔ انہوں نے حرمت قرآن کے موضوع پر خطاب میں کہاکہ قرآن مجید کی بے حرمتی غیر مسلم ممالک کا وطیرہ بن گیا ہے اصل میں وہ اصلی عیسائی بھی نہیں اگر وہ سچے عیسائی ہوں تو مسلمانوں سے زیادہ قرآن کا احترام کریں قرآن مجید میں سب سے زیادہ تذکرہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا آیا ہے مگر ناوہ اللّہ کو مانتے ہیں اور نا ہی وہ سچے عیسائی ہیں، مگر افسوس ان سے زیادہ مسلمان حکمرانوں پر آتا ہے جو باون اسلامی ملکوں کی تعداد میں دنیا کے نقشہ پر آباد ہیں مگر مجال ہے کسی کو توفیق ہوئی ہو کوئی جرات مندانہ فیصلہ کر سکیں۔ تقریب میں بطور مہمان خصوصی پروفیسر حافظ عبدالروف لاہور سے تشریف لائے جبکہ محبوب الرحمان، سجاد احمد، امجد اسلام، ملک عثمان، فیصل محمود، وکلاء سے ترجمان گجرات بار چوہدری شیرباز سرور ایڈووکیٹ سمیت ضلع بھر کی دیگر سیاسی جماعتوں مذہبی جماعتوں کے نمائندہ تنظیموں نے بھر پور شرکت کی اور کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی پر اپنا مظبوط موقف بیان کیا۔