Published: 07-02-2023
غزہ: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے ایک علاقے میں چھاپہ کار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے 7 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جیریکو کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے علی الصبح چھاپہ مارا اور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 7 نوجوانوں کو شہید کردیا۔اسرائیلی فوج کی اس جارحیت میں 3 فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں مسلح نوجوانوں نے 28 جنوری کو چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جن کی گرفتاری کے لیے آج جانے والی ٹیم پر بھی فائرنگ کی گئی۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ دفاعی فائرنگ میں دو حملہ آوروں سمیت 7 افراد مارے گئے مارے جانے والے نوجوانوں کا تعلق حماس سے تھا اور وہ اس علاقے کے اہم عہدیدار تھے۔دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے اس اقدام کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ادھر قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ایک اور علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران 48 سالہ خاتون کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 43 ہوگئی جن میں 8 بچے شامل ہیں۔