Published: 08-02-2023
نئی دہلی: بھارت میں انتہا پسند رہنما نے اسٹیج پر کھڑے ہوکر ہندوؤں کو مسلمانوں اور عیسائیوں کے قتل عام پر اکسایا۔ بھارت میں پروفیسر آف پیس اینڈ کنفلیکٹ ریسرچ اور معروف صحافی اشوک سوائین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انتہا پسند ہندوؤں کی تقریب کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں جنونی ہندو رہنما دھمکی آمیز تقاریر کر رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو پنڈت ڈائس پر کھڑے ہوکر کھلے عام اجتماع میں موجود ہندوؤں کو مسلمانوں اور عیسائیوں کا قتل کرنے پر اکساتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو جہاں دیکھو گولی مار دو۔ہندو پنڈت نے مسلم نوجوانوں پر ’’لَو جہاد‘‘ کا الزام عائد کیا اور ہندو نوجوانوں کو کہا کہ اپنی عزتوں کے تحفظ کے لیے ہتھیار رکھیں۔ یہ چھوٹے چاقو اور چھری سے کچھ نہیں ہوگا۔اس تقریب میں شامل دیگر ہندو رہنماؤں نے بھی مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھارت کو ہندو سرزمین نہیں سمجھتا تو وہ پاکستان چلا جائے۔بھارت میں مودی سرکار کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ مذہبی آزادی پر قدغن ہے۔ مساجد اور مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔