Published: 11-02-2023
لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے صوبے میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے جاری فیصلے کو خوش آئند اور ’آئین کی بالادستی‘ قرار دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے، ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نے آئین کی سر بلندی قائم رکھی اور اس فیصلے سے اپنے وقار میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہیے اور فوری الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنا چاہیے۔سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ عدالت نے ملک کو ایک آئینی بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، فیصلہ پاکستان کے عوام کی جیت ہے، الیکشن کمشن اب مزید تاخیر کی بجائے فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے۔ عدالتی فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق آیا ہے، جس پر قوم مبارک باد کی مستحق ہے، آئین میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے واضح احکامات ہیں جس کی روشنی میں عدالت نے فیصلہ دیا۔ فواد چوہدری پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’ملک میں جاری بحران کا حل قومی انتخابات ہیں، وفاقی حکومت انتخابات سے فرار کا راستہ ترک کرے اور تحریک انصاف کے ساتھ بیٹھ کر قومی الیکٹورل فریم ورک کا اعلان کرے، آئین سے انحراف کسی کے مفاد میں نہیں ہے‘۔انہوں نے لکھا کہ ’آج جسٹس جواد حسن نے عدلیہ کا مان رکھ لیا، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے آئین کا تحفظ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور آج کا فیصلہ آئین اور قانون کی فتح ہے وفاقی حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے اور قومی الیکشن پر بات چیت کرے‘۔جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے لکھا کہ ’90 دن میں الیکشن، اب تو بھاگنا چھوڑ دو اور میدان میں آؤ‘۔پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے ائینی تقاضے کے مطابق معاملہ اب الیکشن کی طرف بڑھے گا، اب فوری طوری پر الیکشن شیڈول کا اعلان کرنا چاہیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ عدالت کا فیصلہ آئین کی بالادستی کا آئینہ دار ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ گھمبیر حالات میں آئین کے مطابق فیصلے ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، ان شا اللہ اب ملک میں عام انتخابات کا ماحول بھی بنتا ہوا نظر آرہا ہے ،امپورٹڈ ٹولہ اب الیکشن کمیشن کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا چھوڑ دے ، عوام انتخابی میدان میں بھی پی ڈی ایم ٹولے کا سیاسی حشر نشر کر ینگے۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے آئین کی اصل روح کے مطابق تاریخ ساز فیصلہ سنایا،عدالتی فیصلے سے پی ڈی ایم ٹولے کی ساری تدبیریں اور چالیں ناکام ہو گئیں، پاکستانی قوم آئین کی پاسداری کرنے پر معزز لاہور ہائیکورٹ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔