Published: 11-02-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سینئر وکلا جہانگیر اے جھوجھہ، اشتیاق اے خان اور رانا ذوالفقار نے ملاقات کی۔ سابق صوبائی وزرا راجہ بشارت، میاں محمود الرشید، چودھری خالد عمر سدھو، خبیب بلوچ، سرمد چٹھہ، مدثر ظہور، طیب کاہلوں، رانا اسد منیر، میاں احتشام اور حبیب الرحمن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے، غیر آئینی اقدامات اور غیر قانونی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا سارا فوکس صرف وزرا بنانے پر ہے، پی ڈی ایم کا کوئی رہنما رہ تو نہیں گیا جو وزیر، وزیرمملکت، معاون خصوصی یا کسی محکمے کا سربراہ نہ بنا ہو، پچاسی رکنی کابینہ صرف اور صرف ذاتی ریلیف اور مراعات کیلئے ہے، حکومت کے وسائل عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزرا پر لٹائے جا رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وکلا برادری آئین اور قانون کی بالادستی اور حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف عمران خان کی جدوجہد میں ساتھ دے، حکمران آئین اور قانون سے کھیل کر طوالت اقتدار منصوبے بنا رہے ہیں، جس آئین کے تحت نگران حکومتیں بنیں اسی کے تحت نوے روز میں الیکشن ضروری ہیں، عدلیہ ہی اب آئین کی بالادستی کیلئے قوم کی امید کا مرکز ہے، امید ہے عدلیہ مقررہ آئینی وقت میں انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخی فیصلہ دے گی اور حکمرانوں کی جانب سے سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے کے واقعات کا بھی نوٹس لے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو پامال کرنے والے سن لیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کا احتساب کرے گا، نگران سیٹ اپ الیکشن کروانے کی بجائے من پسند متعصب آفیسرز کی تقرریوں اور انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم کی قیادت کو الیکشن میں اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے، شکست کے خوف سے الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کی طرف بڑھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے، نگران حکومت الیکشن کرانے کی بجائے شخصیات کو لاپتہ کرنے میں مصروف ہے، ہر روز مہنگائی کا نیا طوفان لایا جا رہا ہے، وزیرخزانہ مزید 170 ارب کے ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا اعلان کر رہے ہیں، حکمرانوں کے اعصاب پر صرف عمران خان سوار ہے، عمران خان کی عوامی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔