بس بہت ہوچکااب قربانی عوام نہیں حکمرانوں کودیناہوگی:سراج الحق

Published: 12-02-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)قیام پاکستان سے لیکرآج تک آئی ایم ایف نے پاکستان کو 22بار قرضے دیے جس سے ملک مقروض اور قوم دلدل میں دھنستی چلی گئی‘ ہر بار قوم کو قربانی کا بکرا بنانے والوں نے اپنے مفادات کیلئے قرضوں کے پہاڑ کھڑے کیے‘ آج ایک بار پھر قوم کا خون نچوڑنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں‘ آئی ایم ایف کے غلام قوم پر 170 ارب روپے مالیت کے مزید ٹیکس اور منی بجٹ کے ذریعے عوام کی کھال اتارنا چاہتے ہیں مگر اس بار ایسا نہیں ہوگا عوام اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں عوا م کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ عوام کو حکمرانوں کے فیصلے کسی صورت قبول نہیں‘ اس بار عوام نہیں سیاستدان‘ جرنیل اور بیوروکریٹ قربانی دیں‘ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے جی ٹی ایس چوک میں مار گئی مہنگائی مارچ کے حوالے سے منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا قبل ازیں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب میں موجودہ بدترین مہنگائی پر حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہیں مگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونیکا نام نہیں لے رہیں اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے عوام سڑکوں پر آج اپنا حق مانگنے کیلئے نکلے ہیں وہ حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتے‘ سراج الحق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عوام کو نظام کی تبدیلی کیلئے بندوق اٹھانے کی ضرورت نہیں وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے حقیقی انقلاب برپا کر سکتے ہیں عوام آئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں گجرات کے لوگ ڈاکٹر طارق سلیم‘ اور چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ سمیت دیگر جماعت کے امیدواروں پر اعتماد کریں یہ لوگ برسر اقتدار آ کر اپنے کے دکھوں کا مداوا کریں گے‘ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جس کا دامن کرپشن سے پاک ہے ہم برسر اقتدار آ کر کرپٹ اور لٹیروں کے پیٹ سے قومی دولت نکال کر خزانے میں دوبارہ جمع کرائیں گے‘ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوگا‘ عدل وانصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا‘ جماعت اسلامی معاشر ے میں عدل وانصاف کا نظام رائج کریگی جس میں ہر شخص کو دہلیز پر انصاف مہیا ہوگا‘انہوں نے پیپلز پارٹی‘ مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے قائدین کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تینوں جماعتوں کے قائدین اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں کسی ایک نے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان حوالگی کا مطالبہ نہیں کیا کسی کو عوامی مسائل سے سروکار نہیں‘ یہ مختلف نعروں کی آڑ میں عوام کو بے وقوف بناتے آ رہے ہیں‘ کبھی روٹی‘ کپڑا اور مکان‘ تو کبھی قرض اتارو‘ ملک سنوار‘ تو کوئی تبدیلی کے نام پر عوامی مینڈیٹ کی توہین کرتا رہا ہے‘ آج آئی ایف ایم کی پالیسیوں کی بدولت ملک میں روزگار اور معیشت بری طرح متاثر ہے‘ جاپان ایٹمی حملے کے باوجود ایماندار قیادت کی وجہ سے پاؤں پر کھڑا ہو گیا چائینہ نے ترقی میں کئی ممالک سے برتری حاصل کر لی مگر ہم زرعی ملک اور خداوند کریم کے خصوصی فضل و کرم کے باوجود بدیانت حکمرانوں کی بدولت آگے کی بجائے تنزلی کا شکار ہیں‘ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں عوام نے جماعت اسلامی کو بھاری مینڈنٹ دیا ہے اگر اس مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیا تو عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کا گریبان ہوگا‘انہوں نے جیل بھرو تحریک کے نعرے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جیل نہیں عوام کا پیٹ بھرنے کی ضرورت ہے‘جماعت اسلامی کو عوامی خدمت کا موقع ملاتو ملک سے سودی نظام کا خاتمہ‘ آئی ایم ایف کی غلامی سے قوم کی نجات‘مضبوط معیشت اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا‘انہوں نے دیگر اسلامی ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ترکی میں زلزلہ آیا تو ملک کے صدر نے اپنے اثاثے عوام کیلئے فروخت کر دیے مگر جب کبھی پاکستان پر مشکل وقت آیا تو ہمارے حکمرانوں نے ایک روپیہ تک جیب سے نہیں دیا‘ گجرات شہیدوں اور نشان حیدر رکھنے والوں کی دھرتی ہے‘ گجرات کے غیور عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہم نظام کی تبدیلی یقینی بنائینگے۔

اشتہارات