Published: 18-02-2023
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تحریک کا آغاز لاہور سے ہوگا۔زمان پارک لاہور سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سرمایہ نکالنا شروع کردیا ہے جو تشویشناک بات ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ کچھ بھی کر لیں ہم انہیں الیکشن میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، خطرناک بات یہ ہے کہ چیف الیکشن کمیشن انتخابات سے معذوری کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد آئین کے تحت نوے روز میں الیکشنز ضروری ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 2 ایٹم بم حملوں کے بعد بھی ملک دوبارہ کھڑا ہو جاتا ہے، ہم بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھے اور مشکل فیصلے کیے مگر قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ شہباز گل ،اعظم سواتی کو برہنہ کر کے تشدد کیا، تاریخ میں سیاسی مخالفین کے خلاف ایسی کارروائیاں نہیں کی گئیں، شیخ رشید،فواد چوہدری کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو ہم پر تشدد کرنے والے افسروں کو دوبارہ مسلط کر دیا گیا، ارشد شریف کے ساتھ جو ہوا وہ بھی سب کے سامنے ہے ، ہمارے ایک ایم پی اے کو ڈرایا اس کو اعظم سواتی کی ویڈیو دکھائی کہ تمہارے ساتھ بھی ایسا کریں گے، ہمارے لوگوں کو پکڑ کر جعلی بیانات پر دستخط کروائے جا رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لوگوں کو پکڑ کر گھر والوں کو دھمکیاں دے کر دستخط کروائے جاتے ہیں، جب مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا ایف آر بھی نہیں کٹوا سکا، ہماری گرفتاری کا شوق ہے تو جیل بھرو تحریک میں پورا کر دیں گے۔عمران خان رانا ثنا اللہ نے بڑے شوق سے کہا کہ میرے پاس جج کی آڈیو ہے، راناثنا اللہ نے خودہی کہہ دیا کہ ہم لوگوں کی آڈیو ٹیپ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جیلوں سے نہ ڈرائیں، جب جیل بھرو تحریک شروع ہوگی تو جیلوں میں جگہ باقی نہیں رہے گی۔