الیکشن کے معاملے پر عارف علوی آئینی اوقات میں رہیں، خواجہ آصف

Published: 19-02-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عارف علوی اپنی آئینی اوقات میں رہیں اور الیکشن کمیشن کی آئینی حدود میں تجاوز نہ کریں جبکہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس کے جرم میں شریک ہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر خواجہ آصف نے ایک ٹویٹ میں الیکشن سے متعلق قانون کی دستاویز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ صدر مملکت انتخابات کے معاملے پر سیاست نہ کریں اور اپنی آئینی اوقات میں رہیں۔انہوں نے کہا کہ ’عارف علوی اپنی نہیں تو اپنے عہدے کی عزت کا خیال کریں، یاد رکھیں وہ اس عہدےپہ 2018 میں ہونے والی سلیکشن/واردات کے نتیجے میں صدر مملکت کے عہدے پر قابض ہوئے۔ خواجہ آصف نے مزید لکھا کہ ریفرنس اور وارننگ کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ حاضر ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، وہ اپنے منصب کی عزت کا پاس رکھیں، پہلے بھی عمران خان نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے کچھ ایسے اقدامات کرائے جس کو سپریم کورٹ نے آئین شکنی قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدہ میں بدلنا افسوسناک ہے، صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے لکھا کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک جرم ہیں، عمران خان صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ صدر مملکت کو آئینی عہدے کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے، آئین پاکستان صدر کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں دیتا، الیکشن کمیشن کو اپنے لیڈر کے کہنے پر تنقید کا نشانہ نہ بنائیں اور سربراہ مملکت بنیں پارٹی ورکر نہ بنیں۔

اشتہارات