Published: 27-02-2023
کراچی: گلستان جوہرمیں گھر کی دہلیز پر دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین سید خالد رضا کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے سرمیں ایک گولی مارکر قتل کردیا۔ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ گورنر سندھ ، وزیر اعلی سندھ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی دوسری جانب پولیس نے ملزمان کے فرار ہوتے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 7 نزدمدرسہ انوارالقرآن کے ساتھ رہائش پذیر 55 سالہ سید خالد رضا کو موٹرسائیکل سوار2 ملزمان نے سر پرایک گولی ما رکر شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے،انہیں شدید زخمی حالت میں قریب میں واقع نجی اسپتال لے جایا گیا،جہاں پہنچے سے قبل ہی انھوں نے دم توڑدیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذکرنے والے ادارے کے اہلکار موقع پرپہنچ گئے۔ ایس ایچ او صفدرمشوانی کے مطابق جائے وقوع سے 30 بور پستول کا ایک خول ملا ہے۔وقوع سے قبل مقتول کہیں جارہے تھے اور جیسے ہی وہ گھر سے باہر نکلے اپنی گاڑی کی جانب بڑھے ہی تھے کہ انہیں موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے ٹارگٹ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ایس ایچ او کے مطابق قتل کی واردات ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نہیں کیونکہ مقتول کی جامعہ تلاشی کے دوران ان کا موبائل فون، 70 ہزار روپے نقد، ودیگرکاغذات موجود تھے۔پولیس نے ابتدائی طور پر ملزمان کی شناخت اور ان کے فرار کے راستوں اوراطراف میں لگےسی سی فوٹیج کیمروں کی چھان بین شروع کردی ہے جبکہ پولیس کو ملنے والا خول فرانزک کے لیے روانہ کیے جائیں گے۔مقتول دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین اورانفرادی طور پرسماجی رہنما بھی تھے، ان کی سیاسی وابستگی جماعت اسلامی سے بتائی جاتی ہے۔دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے چئیرمین سید ولی وارثی اور جنرل سیکریٹری شہریار علی نے سید خالد رضا کی قتل پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔