Published: 27-03-2023
شارجہ: تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر ناکام ہوگئی، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر افغانستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیدیا۔شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں ہونیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان کا ٹاپ آرڈر افغان بولرز کے سامنے ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔پاکستان کی طرف سے اوپنر صائم ایوب اور محمد حارث بیٹنگ کیلئے آئے مگر پہلے اوور کی دوسری گیند پر صائم ایوب کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، اگلی ہی گیند پر عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔تیسرے اوور میں 20 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حارث بھی 15 رنز بناکر چلتے بنے، طیب طاہر 13 اور اعظم خان 1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے، عماد وسیم اور کپتان شاداب خان نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، عماد وسیم 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان اننگز کی آخری گیند پر رن لینے کی کوشش میں 32 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔قومی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی20 میچ کیلئے محمد نواز کی جگہ فہیم اشرف کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاداب خان، محمد حارث، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، عماد وسیم، زمان خان، احسان اللہ، طیب طاہر، نسیم شاہ اور صائم ایوب شامل ہیں۔قبل ازیں پہلے ٹی20 میچ میں افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو شکست دی تھی۔ یہ افغانستان کی پاکستان کے خلاف کسی بھی بین الاقوامی میچ میں پہلی فتح تھی۔واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 27 مارچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔