Published: 27-03-2023
وارانسی: بھارتی فلم انڈسٹری کی بھوجپوری اداکارہ اکانکشا دوبے اترپردیش کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھوجپوری شوبز انڈسٹری میں ماڈل سے اداکاری میں قدم رکھنے اور اپنی شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی نوجوان فنکارہ اکانکشا دوبے کی لاش اتوار کو وارانسی کے ایک ہوٹل میں چھت سے لٹکی ہوئی ملی۔بھوجپوری فلم انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اکانکشا کی انسٹاگرام پر بھی فالوونگز بہت زیادہ تھیں اور ان کی ویڈیوز کے ویوز کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے تاہم ابتدائی طور پر یہ خودکشی کا کیس لگتا ہے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ لاش کے قریب سے خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ ہوٹل کے کیمروں اور مہمانوں کے رجسٹرز سے اداکارہ سے ملنے کے لیے آنے والوں کا ریکارڈ جمع کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ شہرت اور پیسے کی اس دنیا میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ حال ہی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری میں منشیات کا استعمال بھی خودکشی کی ایک وجہ ہے۔