Published: 27-03-2023
بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے سابق اہلیہ اور اپنے بھائی کے خلاف ہتک عزت پر 100 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بجرنگی بھائی جان اور گینگ آف وسیپور سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی نواز الدین صدیقی نے اپنی سابقہ اہلیہ عالیہ پانڈے اور شمس الدین پر جھوٹے الزامات کے ذریعے ہراساں کرنے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے پر دعویٰ دائر کیا ہے۔عدالت میں داخل کروائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابقہ اہلیہ اور بھائی کو پابند کیا جائے کہ وہ انکے خلاف سوشل میڈیا پر کوئی بےبنیاد الزامات نہ لگائیں بلکہ جو ویڈیوز اَپ لوڈ کی گئیں ہیں انہیں ہٹایا جائے اور تحریری معافی مانگیں۔نواز الدین صدیقی نے اپنی درخواست میں بھائی پر مالیاتی فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کرتے ہوئے یہ بھی استدعا کی کہ بھائی کی جانب سے اہلیہ کے ساتھ مل کر فراڈ کے ذریعے ہتھیائے گئے 21 کروڑ روپے بھی واپس دلوائے جائیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھائی اور سابق اہلیہ کی جانب سے جھوٹے الزامات لگانے باعث ان کا 100 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ کیا جائے۔