بابر اعظم کو فٹنس مزید بہتر بنانے کا مشورہ ملنے لگا

Published: 29-03-2023

Cinque Terre

 لاہور:  بابراعظم کو فٹنس مزید بہتر بنانے کا مشورہ ملنے لگا جب کہ سابق کرکٹر عبدالرزاق نے ویراٹ کوہلی کو پاکستانی کپتان سے زیادہ فٹ قرار دیدیا۔ایک انٹرویو میں عبدالرزاق نے کہا کہ ویراٹ کوہلی ایک بہترین کرکٹر ہیں، ٹیم کو ساتھ لیکر چلتے اور رویہ ہمیشہ مثبت ہوتا ہے، اپنی مہارت کو بہترین انداز میں استعمال کرتے ہیں، سب سے اہم بات ان کی ورلڈکلاس فٹنس ہے.انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی فٹنس ایسی نہیں اور ان کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان ٹیم کے کپتان نمبر ون بیٹر ہیں،دونوں کا موازنہ کرنا درست نہیں،دونوں ورلڈ کلاس کرکٹرز اور اپنے ملکوں کیلیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے باہمی میچز ہونا چاہیں، دباؤ سے بھرپور مقابلوں کے حوالے سے شائقین میں بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے،کرکٹ کو فروغ ملتا ہے، باہمی مقابلوں سے اچھے پلیئرز بھی سامنے آسکتے ہیں،آئی پی ایل سے بھارت کو بہت ٹیلنٹ حاصل ہوا، یہ صورتحال پی ایس ایل کی پاکستان میں ہے۔عبدالرزاق نے کہا کہ ایک کرکٹر کے طور پر یہ بھی چاہتا ہوں کہ پاکستان کے کرکٹرز آئی پی ایل میں شریک ہوں اور بھارتی کھلاڑی پی ایس ایل میں کھیلیں،شائقین پاکستانی کرکٹرز کو آئی پی ایل میں کھیلتا دیکھ کر لطف اندوز ہوں گے، اگر ایسا ہوتا ہے تو کھیل کی مقبولیت میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔عبدالرزاق نے کہا کہ بھارت کیخلاف موہالی ٹیسٹ 2005یادگار رہا، چوتھے روز 6وکٹیں گرنے کے باوجود ہم میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، اس میں میرا اہم کردار تھا،2000میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ کے مشکل لمحات میں میری ففٹی اہم رہی،پھر 6وکٹیں بھی اڑانے میں کامیاب رہا تھا۔

اشتہارات