Published: 29-03-2023
لاہور: پاکستانی معاشی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے اور تمام پاکستانیوں کی طرح شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی اس صورتحال پر پریشان ہیں۔پاکستانی اداکار اور فلمساز شان شاہد نے ایک خبر شیئر کرتے ہوئے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر ایتھیوپیا سے بھی کم ہوگئی ہے۔اداکار نے انسٹاگرام پر لکھا کہ یہ ایک بہت افسوس ناک دن ہے، ہم سب نے ایک بہتر مستقبل کیلئے اپنی زندگیاں خرچ کیں لیکن کیا یہ ہمار ا مستقبل ہے، ہم اس کا تصور نہیں کیا تھا۔رواں برس کے آغاز میں جب روپے کی قدر مسلسل کم ہورہی تھی تو متعدد شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی تھی۔فرحان سعید نے لکھا تھا کہ ہم روپے کی قدر کو کیسے بحال کریں گے، جب سے میں زندہ ہوں، میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھی ہو۔اداکارہ اشنا شاہ نے لکھا تھا کہ جب آپ کو زندگی گزارنے کی بنیادی ضروریات میسر نہ ہوں تو پھر آپ کیلئے قومی ترانہ گانا تھوڑا مشکل ہوجاتا ہے۔