Published: 30-03-2023
نئی دہلی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور ڈانسر راکھی ساونت نے اپنے شوہر عادل خان سے باضابطہ طلاق کی تصدیق کردی۔راکھی ساونت نے میڈیا سے گفتگو میں اپنے خوشی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ میری طلاق ہورہی ہے اور اب ہم آزاد ہوچکے ہیں، اب اُسے جس کے ساتھ شادی کرنی ہے کرلینے دو۔راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ آج میں فجر کی نماز پڑھ رہی تھی تو میرے دل میں خیال آیا کہ عادل کو معاف کروں کیونکہ رمضان کا مطلب ہوتا ہے لوگوں کو معاف کرنا۔راکھی ساونت نے کہا میں عادل کو دل سے معاف تو نہیں کرسکتی لیکن دعا کرتی ہوں کہ اسے عدالت سے ضمانت مل جائے، میں عادل کیلئے ایک اچھی بیوی بنی لیکن اس نے میری زندگی برباد کردی، مجھے اس سے اتنی محبت کرنی ہی نہیں چاہئے تھی۔راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ عادل پر الزامات سنگین ہیں لیکن میں اسے پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اگر اسکی ضمانت ہوجائے تو میری طرح کسی اور کی زندگی برباد نہ کرے بلکہ خود کو بدلنے کی کوشش کرے اور اگر عادل نے شادی کرلی ہے تو اس لڑکی کے ساتھ برا سلوک نہ کرے۔واضح رہے کہ راکھی ساونت نے عادل خان کے ساتھ 2023 کے آغاز میں شادی کی تھی اور اداکارہ نے اسلام قبول کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، راکھی ساونت نے رواں سال فروری میں اپنے شوہر عادل خان کیخلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد پولیس نے عادل کو گرفتار کرلیا تھا۔