Published: 31-03-2023
ممبئی: بالی وڈ اداکارہ نوازالدین صدیقی اپنی اہلیہ عالیہ کیخلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا کیس واپس لینے پر تیار ہوگئے ہیں اور ان کے درمیان تنازع کا تصفیہ طلاق پر طے پاگیا ہے۔بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق تصفیہ کے عمل میں ان تمام تنازعات کو بھی حل کیا جائے گا جو شادی کے بعد ان کے درمیان پیدا ہوئے ہیں لیکن بچوں کی حوالگی کے متعلق دونوں قانونی جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔اداکار کی اہلیہ عالیہ نے کہا ہے طلاق ہوجائے گی لیکن میں اپنے دونوں بچوں کو اپنے پاس رکھوں گی، نواز بھی بچوں کو لینا چاہتا ہے لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گی۔عالیہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے دونوں بچے میرے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے باپ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔نوازالدین صدیقی نے رواں ہفتے اپنے بھائی شمس الدین صدیقی اور اہلیہ عالیہ کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا اور ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔دونوں میاں بیوی کافی عرصے سے میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہیں اور عالیہ اداکار پر اپنے بچوں کو چھوڑنے اور اپنی ساس پر ہراسانی کے الزامات لگاتی رہی ہے۔