Published: 26-04-2023
شارجہ: بالی وڈ اداکارہ کرشن پریرا کو ڈرگ اسمگلنگ کیس میں شارجہ جیل بھیج دیا گیا جبکہ ان کے سامان میں منشیات رکھنے کے الزام میں دو افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ ممبئی کرائم برانچ نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کو مبینہ طور پر پھنسایا گیا ہے اور ایک کتے پر لڑائی کی وجہ سے ان کے سامان میں منشیات رکھوائی گئی۔پولیس نے دو افراد انتھونی پال اور راجیش بوبھتے کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔دونوں افراد ممبئی کے رہائشی ہیں اور انہوں نے اداکارہ کو ڈرگ کیس سے رہائی کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ انتھونی کی بہن کا اداکارہ کی والدہ سے ایک کتے کے معاملے پر جھگڑا تھا اور دونوں ایک ہی عمارت میں رہائش پذیر ہیں۔انتھونی نے راجیش کے ذریعے اداکارہ سے رابطہ کیا اور راجیش کو ایک ٹیلنٹ کنسلٹنٹ بتایا اور اداکارہ کو ایک ویب سیریز کے آڈیشن کیلئے شارجہ بھجوایا۔