Published: 27-04-2023
لاہور: اداکار فواد خان نے کام کی تعریف کرنے پر بھارتی فینز کا شکریہ ادا کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں سپر اسٹار اداکار فواد خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں چاہنے والوں نے جتنا پیار دیا اور سراہا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ جب آپ میرے کام کو پسند کرتے ہیں تو دل کو سکون ملتا ہے۔فواد خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت اور دنیا بھر میں اپنے فینز کا مشکور ہوں اور ان کے لیے میرے دل میں بہت عزت ہے۔فواد خان نے کہا وسیم اکرم کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ وسیم اکرم جیسے اسپورٹس کی دنیا میں سب کو کھا گئے ڈر ہے ایکٹنگ کی دنیا میں بھی سب کو کھا جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فواد خان کا کہنا تھا کہ ٹام کروز کے بارے میں سنا ہے کہ ان کی کوئی فلم فلاپ نہیں ہوتی۔ میں نے جب بھی ان کی فلم دیکھی انجوائے کیا ہے۔ باکس آفس پر سب کو مسابقتی موقع ملنا چاہیے۔اداکار فواد خان کا کہنا تھا کہ وہ سست انسان ہیں۔ اصل طاقت سچ بولنے میں ہے لیکن سچ بولنے کے لیے بہت ہمت چاہیے ہوتی ہے۔ اگر ہم سب میں دیانت داری آجائے توحالات بہت بہتر ہوجائیں۔